نظام میں اصلاحات لانے کا کام حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ‘ چیئرمین پی سی سی

 
0
292

لاہور,مارچ 11(ٹی این ایس) :چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے افسران اور اہلکار گراں فروشی کی روک تھام کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ،موثر کارروائیوں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے نظام میں اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں جس پر کام حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراں فروشوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کا جائز ہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اچانک چھاپوں کی تعداد مزید بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے کہا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عمل کو سختی سے روکا جائے گا ۔ انتظامیہ کے افسران اور اہلکار گراں فروشی کی روک تھام کیلئے طے شدہ میکنزم کے مطابق بھرپور کارروائیاں کریں ۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دکاندار کوبلا وجہ اور ناجائز ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور ایسی شکایت ملنے پر سخت تادیبی کارراوئی کی سفارش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں عوام کو گراں فروشی سے بچانے اور انہیں ریلیف پہنچانے کیلئے تیاریوں پر توجہ مرکوز کر کے ضروری اقدامات کو بلا تاخیر مکمل کیا جارہا ہے ۔