ہائیکورٹ کی جانب سے علیم خان کی طلبی کے خلاف حکم امتناعی خارج کرنے کی نیب کی استدعا مسترد

 
0
318

لاہور، مارچ 13(ٹی این ایس): ہائیکورٹ نے علیم خان کی طلبی کے خلاف حکم امتناعی خارج کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں ہراساں کرنے اور تضحیک سے روک دیا اور رہنما پی ٹی آئی کو ہدایت کی ہے کہ نیب حکام سے تعاون کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ میں علیم خان کی طلبی کے خلاف حکم امتناعی خارج کرنے کی نیب کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔

نیب کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ علیم خان اب تک ایک مرتبہ بھی انکوائری میں پیش نہیں ہوئے۔وکیل علیم خان نے کہا کہ نیب وژن ڈویلپرز کے خلاف 3 مرتبہ انکوائری کر کے بند کر چکا ہے۔ قانون کے مطابق 3 مرتبہ بند کردہ انکوائری دوبارہ نہیں کھولی جا سکتی۔ نیب نے میرے موکل کے خلاف چوتھی مرتبہ انکوائری کھولی۔ ہائیکورٹ نے بند انکوائری کھولنے کے خلاف حکم امتناعی بھی دے دیا۔

وکیل علیم خان نے کہا کہ ہائیکورٹ نے علیم خان کی طلبی کے نوٹسز معطل کر رکھے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ علیم خان کی طلبی کے خلاف حکم امتناعی خارج کرنے کی نیب کی درخواست مسترد کی جائے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیم خان کی طلبی کے خلاف حکم امتناعی خارج کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی اور عبدالعلیم خان کو نیب حکام سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب کو علیم خان کو ہراساں کرنے اور تضحیک سے روک دیا۔