قائداعظم یونیورسٹی مسلسل پانچویں روز بھی بنداکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس وائس چانسلر کے خلاف بدعنوانی کے ثبوت میڈیا کو فراہم

 
0
2280

اسلام آباد ،مارچ 16(ٹی این ایس):قائداعظم یونیورسٹی مسلسل پانچویں روز بھی بنداکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس وائس چانسلر کے خلاف بدعنوانی کے ثبوت میڈیا کو فراہم۔ قائداعظم یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف کے خلاف احتجاج کے نتیجے میں یونیورسٹی میں ہر قسم کی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کا تعطل مسلسل پانچویں روز میں داخل ہوگیا۔ جبکہ اے ایس اے کی مذاکراتی ٹیم کی وائس چانسلر کی کمیٹی کے ساتھ ملاقات بھی بے نتیجہ رہی۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے وائس چانسلر کی مذاکراتی کمیٹی کے پاس اختیارات کے نہ ہونے اور ان کے غیر سنجیدہ رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اے ایس اے کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر عقیل بخاری کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کی مذاکراتی ٹیم سے میٹنگ انتہائی مایوس کن رہی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کے پاس کوئی اختیارات نہ تھے جب کہ انہوں نے وائس چانسلر کو کسی بھی قسم کی تجویز دینے سے بھی معذرت کی۔

ڈاکٹر عقیل بخاری کا کہنا تھا کہ ہم وائس چانسلر کے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں اور اساتذہ کے اس مطالبے کے پورا ہونے تک یونیورسٹی مکمل طور پر بند رہے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یونیورسٹی کے بحران کا نوٹس لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کی طرف سے یونیورسٹی کے بحران کو طول دینے کے نتیجے میں آئندہ سمسٹر کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کی طرف سے انکوائری میں وائس چانسلر جاویداشرف کو نااہل قرار دیے جانے کے باوجود وائس چانسلر اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ کو ان کے جائز مطالبے سے کسی صورت بھی نہیں ھٹایا جا سکتا۔ بعدازاں اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدے داروں نے یونیورسٹی اساتذہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور میڈیا کے نمائندوں کو وائس چانسلر کی بدعنوانیوں کے ثبوت پیش کیے۔ انہوں نے میڈیا سے اس معاملے کو اہمیت دینے کی درخواست کی تاکہ ہزاروں طلباء اور ملک کی اس اہم جامعہ کے مستقبل کو موجودہ وائس چانسلرکے ہاتھوں تباہی سے بچایا جا سکے۔