سندھ فوڈ اتھارٹی 15 اپریل سے کام کا آغاز کرے گی

 
0
278

کراچی،اپریل 01(ٹی این ایس):کراچی میں کھانے کے معیار کو جانچنے کے لیےسندھ فوڈ اتھارٹی 15 اپریل سے اپنا کام شروع کرے گی۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق فائیو اسٹارز ہوٹلز سے لے کر چھوٹے بڑے تمام ہوٹلز، بیکری اور مٹھائیوں کی دکانوں کو لائسنس جاری کیا جائے گا۔اتھارٹی کی جانب سے پہلے مرحلے میں 7 اور 5 اسٹار ہوٹلز کے کھانوں کے معیار کو جانچا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی سندھ امجد لغاری نے بتایا کہ چھوٹے بڑے ہوٹل، ریسٹورنٹ، بیکری، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور پانی کی کمپنیوں کے لئے لائسنس لازمی ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کا بورڈ آف گورنر ہوگا جس میں مختلف محکموں کے سیکریٹریز، تین ارکان اسمبلی، مستند ادارے کے مفتی اور کنزیومرز کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے افسران اور عملہ چھوٹے بڑے تمام ہوٹلوں، بیکری، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سے لے کر سبزیاں اگانے، پانی تیار کر کے فروخت کرنے والے سمیت کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کے معیار کو چیک کرے گی اور چھاپے مارے گی۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہوگا اور ہر فوڈ انڈسٹری کے لیے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا اس کے ساتھ ریسٹورنٹ کے باورچیوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنا بھی لازم قرار دیا ہے۔

اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں 523 اشیا شامل ہیں، ذرا سی کوتاہی پر فوڈ لیبارٹری سے رپورٹ کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سیکریٹری خوراک سجاد عباسی کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کی اپنی کوئی فوڈ لیبارٹری نہیں ہے اس کے قیام کے لئے بجٹ مختص کردیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لیب کے قیام تک پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی لیباریٹری سے کھانے پینے کی اشیاء کا معیار چیک کیا جائے گا۔