حکومت میں آکر پنجابی زبان کی ترویج کیلئے عملی اقدامات کیے جائینگے ،پرائمری نصاب میں شامل کرایا جائیگا‘ پی ٹی آئی

 
0
378

لاہور ،09اپریل(ٹی این ایس):پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر پنجابی زبان کی ترویج کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی اور اسے صوبے میں پرائمری کے نصاب میں شامل کرایا جائے گا ،اگر پنجاب کی ثقافت اور پنجابی لٹریچر کو فروغ نہ دیا گیا تو اس زبان کے معدوم ہونے کے امکانات پیدا ہو جائیں گے ،فلم اور ٹی وی کیلئے لکھنے والے بھی نوجوان نسل کو پنجابی زبان سے آشنا کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ اور ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت چیمہ نے پنجاب فیسٹول 2018ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی شفقت محمود ،ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج اینڈ کلچر ڈاکٹر صغری صدف ، پنجابی شاعر بابا نجمی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں بولی جانے والی ساری زبانوں سے محبت ہے لیکن میں یہ کہنا چاہوں گاکہ سندھ کے باسی سندھی، خیبر پختوانخواہ کے رہنے والے پشتو اور بلوچستان میں بسنے والے بلوچی بولنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ یہاں اپنی میٹھی زبان پنجابی کو بولنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ اردو اور پنجابی دونوں زبانوں کی حالت ایک جیسی ہے تو غلط نہ ہوگا۔ ایک دورتھا جب یہ کہا جاتا تھا کہ اردو کو آگے لانے کے لیے پنجابی زبان کو پس پشت ڈالا جارہا ہے لیکن یہ دونوں زبانیں ایک ہی جگہ پر کھڑی ہیں اور گزشتہ ایک سے ڈیڑھ دہائی میں انگریزی زبان کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے ۔مسرت چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی ثقافت اور لٹریچر کو تلاش کرنا پڑتا ہے جو انتہائی تشویش کاباعث ہے ۔ انشا اللہ پی ٹی آئی جب بھی حکومت میں آئے گی اس زبان کی ترویج کیلئے عملی کاوشیں کی جائیں گی اور صوبے میں پرائمری تک پنجابی زبان کونصاب میں شامل کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو سوینئرز پیش کئے گئے جبکہ شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔