مغلپورہ میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے شہری جاں بحق ،لکشمی چوک میں ہوٹل سے 45سالہ شخص کی لاش برآمد 

 
0
321

لاہور5مئی(ٹی این ایس) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ مغلپورہ میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے 40 سالہ شخص کو قتل کر دیا جبکہ لکشمی چوک میں واقع ہوٹل سے 45سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ،پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔ بتایا گیا ہے کہ مغلپورہ کے علاقے عیسی آباد میں مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے چالیس سالہ شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، شناخت نہ ہونے پر پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سر میں گولی لگنے سے چالیس سالہ شخص جاں بحق ہوا، موقع سے شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔دوسری جانب لکشمی چوک میں واقع ہوٹل سے 45سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ نیشنل ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات گئے شہری راشد کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی، پولیس نے ہوٹل میں پہنچ کر تمام شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کمرے کو بند کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد خان نے مبینہ طور پر شراب پی رکھی تھی۔ راشد ڈیرہ غازی خان کا رہائشی تھا اور ایک ہفتے سے ہوٹل میں مقیم تھا۔ پولیس نے موت بارے کوئی بھی موقف دینے سے گریز کیا۔