مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کی مذمت 

 
0
308

سرینگر07مئی (ٹی این ایس )مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بڑی گام شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کیخلاف بھارت کی کھلی بربریت اور خونریز جنگ قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی فورسز کی اندھادھند فائرنگ اور بدترین ریاستی دہشت گردی سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے قتل عام کا تہیہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ظالم اور جابر حکمرانوں کے ظلم و تشدد اور قتل عام سے کسی بھی طرح چشم پوشی نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظالم حکمرانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ظلم و تشدد کیخلاف کشمیری عوام کا جو بھی شدید ردعمل سامنے آئیگا اس کے نتائج کی ذمہ داری بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہو گی ۔

انہوں نے سانحہ شوپیاں میں شہید ہونیوالے نوجوانوں صدام احمد پڈرو، ڈاکٹر محمد رفیق احمد بٹ، توصیف احمد شیخ، بلال مولوی، عادل احمد، زبیر احمد،آصف احمد، نصیر احمد، سجاد احمد میر اور عادل احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہاکہ ظلم وتشدد اور قتل عام کی بھارت کی پالیسی سے ظاہر ہو تا ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کو فوجی طاقت کے بل پر اپنا دست نظر بنانا چاہتا ہے تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت کو یہ حقیقت جان لینی چاہیے کہ طاقت کے بل پر کسی قوم کو زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھا جاسکتا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ نہتے عوام کیخلاف بندوقوں کے دہانے کھولنے یا قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے سے کشمیری عوام کو زیر نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خصوصاً نوجوانوں کی طرف سے بھارت کیخلاف غم و غصے اور نفرت کا اظہار ، ظلم و زیادتیوں ،نا انصافیوں اور ظلم و جبر کا ردعمل ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیری عوام پرڈھا رہی ہیں۔حریت قائدین نے کہا کہ جب سے پی ڈی پی اوربی جے پی کی مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ بر سر اقتدار آئی ہے نہتے کشمیریوں پر مظالم اور انکے قتل عام میں تیزی آگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کیخلاف وحشیانہ جارحیت سے بھارتی حکومت کے خوفناک اور خطرناک عزائم ظاہر ہوتے ہیں اوردنیا کے مہذب اور باضمیر اقوام کونہتے کشمیریوں کی قتل عام اور ان پر بدترین مظالم کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔حریت قائدین نے کہاکہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے بلکہ اس سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو اپنی خاموشی ترک کر تے ہوئے اس انسانی مسئلہ کے حل کیلئے آگے آنا چاہیے ۔