سندھ ہائی کور ٹ نے صوبہ سندھ کو 7ریاستوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت 22مئی تک ملتوی کردی 

 
0
341

کراچی، مئی 08(ٹی این ایس):سندھ ہائی کور ٹ نے صوبہ سندھ کو 7ریاستوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت 22مئی تک ملتوی کردی ہے ۔عدالت میں حکومت سندھ نے درخواست پر کمنٹس فائل کرنے سے معذرت کرلی ہے ۔منگل کو سند ھ ہائی کورٹ میں صوبہ سندھ کو 7ریاستوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔درخواست گذار عظمت ولی نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں میں ناکام ہو چکی ہیں ۔موجودہ نظام کے تحت سندھ کی حالت نہیں بدلی جا سکتی۔سندھ کو 7 آزاد ریاستوں میں تقسیم کیا جائے۔کراچی،حیدر آباد،میر پور خاص،نواب شاہ ،سکھر ،لاڑکانہ اور جیکب آباد کو آزاد ریاست بنایا جائے۔تمام ریاستوں کا ہیڈ کراچی کو بنایا جائے۔یورپ اور اسلامی ممالک میں کوئی بھی صوبہ 50 لاکھ آبادی سے زائد کا نہیں ہے ۔آزاد ریاستوں میں تقسیم سے پاکستان کی حالت بدلی جا سکتی ہے۔آزاد ریاستوں کا کنٹرول کمشنر کو دیا جائے۔درخواست میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری دفاع اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔دوران سماعت حکومت سندھ کی جانب سے کمنٹس فائل کرنے سے معذرت کرلی گئی ۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے ۔ صوبے بنانے سے متعلق قانون موجود ہے ۔اگر پارلیمنٹ بھی دو تہائی اکثریت سے قانون پاس کر لے پھر بھی مذکورہ صوبے کی رضامندی کے بغیر نیا صوبہ نہیں بنایا جاسکتا ہے ۔عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست کو غیر موثر قرار دے کر مسترد کردیا جائے ۔عدالت نے حکومت سندھ سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 22مئی تک ملتوی کردی ۔