اسٹیک ہولڈرز نے رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنیکی یقین دہانی کرائی ہے ‘ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

 
0
298

لاہو مئی 9(ٹی این ایس)چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،تمام اسٹیک ہولڈرز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کاوشوں میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اجلاس کے دوران کیا ۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا اخترمحمود، پیٹرن چیف چوہدری ارشد محمود،صدر چوہدری احمد نواز،نائب صدر سیدمردان علی زیدی،جنرل سیکرٹر محمد عمران سیالوی ،فنانس سیکرٹری محمد عزیز اقبال ، ایگزیکٹو ممبران سفوان انور اور سید منظر عباس زیدی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عہدیداروں نے چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ میاں عثمان نے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹل سٹورز نہ صرف سرکاری ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کریں بلکہ اس کے مطابق فروخت کو بھی یقینی بنائیں ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز مالکان اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام تھوک مارکیٹوں کے تاجروں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی کو بھی قلت کی آڑمیں مصنوعی مہنگائی کرنے کا موقع نہ ملے ۔