کاہنہ تھانے کے عقبی حصے میں پراسرار دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ،تھانے کی دیوار گرگئی ،کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

 
0
292

اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل ، سی ٹی ڈی اور فرانزک کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع 
مقدمہ درج ،گودام کے مالک کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا،اڑتالیس گھنٹوں میں دھماکے کی نوعیت کا معلوم ہو سکے گا‘ سی سی پی او
لاہور جون 10(ٹی این ایس)کاہنہ تھانے کے عقبی حصے میں ہونے والے پراسرار دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیاجبکہ دھماکے کی شدت سے تھانے کی دیوار گرگئی اور کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ، اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل ، سی ٹی ڈی اور فرانزک کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ،

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے گودام کے مالک کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ کاہنہ کے علاقے میں غلہ منڈی کے گودام میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس سے فضا میں سیاہ دھویں کا گولہ فضا بلند ہوا۔ دھماکے کی شدت سے گودام سے ملحقہ کاہنہ تھانے کی بیرونی دیوار گر گئی جبکہ کھڑکیوں شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ شیشے اور پتھر لگنے سے تھانے میں سویا ہوا ایک اہلکار معمولی زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔ دھماکے کے بعد قریب علاقے میں میں خوف و ہرا س پھیل گیا۔

اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل، سی ٹی ڈی اور فرانزک کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور دھماکے سے متاثر علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف کیپٹن (ر) امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز معین مسعود سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور امین وینس نے کہا کہ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جہاں تک دھماکے کی نوعیت کا سوال ہے تو ماہرین کی ٹیمیں اس کا جائزہ لے رہی ہیں اور اڑتالیس گھنٹوں میں اسکی رپورٹ سامنے آنے پر ہی کچھ بتایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔

عید الفطر کے تناظر میں صوبائی دارالحکومت میں پہلے ہی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اسے مزید بڑھایا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز معین مسعود نے بتایا کہ کاہنہ تھانے کے عقبی حصے میں پر اسرار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں تھانے کی عقبی دیوار اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے بم اسکواڈ اور فرانزک ٹیموں کو طلب کر لیا گیا جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے ہیں۔ دھماک بارودی مواد کا تھا یا گیس کا فرانزک رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔ ڈی جی آپریشنز کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر پولیس نے تھانہ کاہنہ سے منسلک گودام کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔