پنجاب کی 6 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھا لیا

 
0
351

سابق آئی جی شوکت جاوید کو  داخلہ، کاروباری شخصیت وقاص ریاض کو  اطلاعات ، ڈاکٹر جواد ساجد خان کوصحت، وکیل ضیاء ایچ رضوی کووزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور سابق چیئرمین واپڈ ا ظفر محمود کو توانائی کے محکمے دئے گئے

لاہور، جون 12 (ٹی این ایس):  پنجاب کی 6 رکنی نگراں کابینہ نے سوموار کو گورنر ہاؤس لاہور میں حلف اٹھا لیا۔ پہلے مرحلے میں 6 وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، نئے حلف اٹھانے والوں کو محکمے بھی الاٹ کردیئے گئے۔

سابق آئی جی پولیس پنجاب شوکت جاوید کو محکمہ داخلہ دیا گیا ہے، شوکت جاوید منجھے ہوئے پولیس آفیسر سمجھے جاتے ہیں، انہوں نے پولیس کے علاوہ انٹیلی جنس بیورو میں بھی جوائنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا ، وہ 1997 ء سے 1999 ء تک میاں شہباز شریف کے دور وزارت اعلیٰ میں ڈی آئی جی پولیس آپریشن کے طور پر کام کرتے رہے ہیں، وہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ممبر بھی رہے ہیں ۔

دوسرے وزیر احمد وقاص ریاض معروف کاروباری شخصیت ہیں ، انہیں وزارت اطلاعات کا چارج دیا گیا ہے ۔

سابق صدرلاہور چیمبرآف کامرس انجم نثار کو وزارت معدنیات کا قلم دان دیا گیا ہے ، وہ ایک کاروباری شخصیت ہیں ، ان کاخاندان ٹیکسٹائیل انڈسٹری کے کاروبارسے منسلک ہے۔

ڈاکٹر جواد ساجد خان پیشے کےاعتبار سے امراض قلب کے ماہر ہیں انہیں وزارت صحت کا پورٹ فولیو دیا گیا ہے ، وہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیئرمین کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔

ضیاء ایچ رضوی پیشے کے اعتبار سے ایک وکیل ہیں انہیں وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بنایا گیا ہے ۔وہ پاکستان میں تھائی لینڈ کے اعزازی قونصلر بھی رہ چکےہیں ۔

سابق چیئرمین واپڈ ا ظفر محمود کو توانائی کی وزارت دی گئی ہے۔ وہ 2014ء میں میاں نواز شریف کےدور حکومت میں چیئرمین واپڈا تھے، وہ سیکرٹری ٹیکسٹائیل اینڈ انڈسٹری ،واٹر اینڈ پاور کے علاوہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کےممبر بھی رہ چکے ہیں۔