شیخ رشید نے حقائق چھپانے کا اعتراف کیا تھا ،انصاف کے حصول کیلئے ہر عدل کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے ‘شکیل اعوان
لاہور 13جون(ٹی این ایس) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید کا خاتمہ سیاسی میدان میں ہونا چاہیے، کسی بھی سیاستدان کا تکنیکی بنیادوں پر باہر کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔انہوں نے شیخ رشید کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کو نا اہل کرنے کے منفی اثرات ہوتے ہیں، شیخ رشید نواز شریف کی چاپلوسی کرتے تھے، 25 جولائی کو شیخ رشید سیاسی موت سے ہمکنار ہوں گے۔جبکہ شیخ رشید کے خلاف درخواست گزار شکیل اعوان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے حقائق چھپانے کا اعتراف کیا اور کہا الزام درست ہے لیکن ان سے غلطی ہوئی، میرا کیس 18ماہ الیکشن ٹریبونل میں چلا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں پر اعتماد ہے، نواز شریف کے خلاف فیصلہ پاناما پر نہیں اقامہ پر آیا، انصاف کے حصول کے لیے ہر عدل کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے۔