پاکستان کوسٹ گارڈزکی مختلف کاروائیاں، 1010کلوگرام اعلی کوالٹی کی حشیش اور 8,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد

 
0
391

کراچی 02جولائی(ٹی این ایس)پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف کارروائیوں کے دروان 1010کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی حشیش برآمد کرکے 6ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔برآمد ہونے والی منشیات بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 11ملین ڈالرز سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ سمندر کے راستے بیش قیمت منشیات اسمگل ہو نے کا خد شہ ہے۔ جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھانے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کئے۔پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی، گذشتہ رات گوادر کے قریب نیلینٹ کے مقام پر مشکوک مقامات کی تلاشی کے دوران ایک خالی مکان میں چھپائی گئی 1010 کلو گرام اعلی کوالٹی کی حشیش برآمد کر لی ۔خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 1368 ملین روپے (11.40ملین ڈالرز)کے لگ بھگ ہے۔ جبکہ گوادر کے قریب شاہ جہان روڈ چیک پر چیکنگ کے دوران مختلف گاڑیوں سے 8,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کر کے 06 افرادکو حراست میں لے لیاگیااور اُن سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔