نگران وزیر اعلیٰ کا ضلعی سطح پر افسران کی الیکشن کے عمل اور نتائج پر اثر انداز ہونے سے متعلق رپورٹس کا سخت نوٹس

 
0
710

سیاسی سرگرمیوں میں ملوث افسروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا عندیہ
پشاور، جولائی 05(ٹی این ایس):نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے ضلعی سطح پر بعض افسروں / اہلکاروں کی طرف سے مختلف سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کی حمایت کرنے اور الیکشن نتائج پراثرانداز ہونے کے بارے میں رپورٹس کاسخت نوٹس لیاہے۔ اس سلسلے میں تمام انتظامی سیکرٹریوں ،ڈویژنل کمشنروں ،ریجنل پولیس افسران ،ڈپٹی کمشنروں اورمحکموں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر جانبدار رہیں اوراپنے ماتحت اداروں کے افسروں اوراہلکاروں پرکڑی نظر رکھیں۔وزیر اعلیٰ نے لوکل گورنمنٹ کے اہلکاروں کو بھی الیکشن کے عمل اور انتخابات پر اثر انداز ہونے سے روکنے اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ایسے افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انتخابات پر اثر انداز ہونا ناقابل قبول ہے ، الیکشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ درایں اثناء تمام متعلقہ حکام کو وزیراعلیٰ کے احکامات پرسختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے اگر کوئی افسر / اہلکار کسی سیاسی سرگرمی میں ملوث پایاگیا تو اس کے خلا ف الیکشن ایکٹ / الیکشن رولز 2017 ،ایفی شینسی اینڈ ڈی سپلن رولز 2011 کے تحت کارروائی کی جائیگی اور اس کے خلاف سخت ایکشن لیاجائیگا۔