ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن کیس میں گرفتار ملزم بلال شریف 14جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

 
0
363

لاہور 05جولائی (ٹی این ایس) احتساب عدالت نے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن کیس میں گرفتار ملزم بلال شریف کو 14جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے حوالے کر دیا ۔ گزشتہ روز نیب کی جانب سے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن کیس میں گرفتار ملزم بلال شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم کو 8.2 ملین کی کرپشن کے الزام میں داروغہ والا کی حدود سے گرفتار کیا گیا ، ملزم بلال پر مرکزی ملزم احمد سیال کی معاونت اور عوام سے کروڑوں روپے کی لوٹ مار کا الزام ہے ، تمام ملزمان خطیر منافع کے لالچ پر عوام سے رقوم بٹورتے رہے، ملزمان کی جانب سے نئے کسٹمرز سے وصول رقوم میں سے ہی رقوم پرانے کسٹمرز کو بطور منافع دی جاتی رہی، نیب لاہور کی جانب سے اسی کیس میں چند روز قبل 17ملز مان کو ایک یوم میں گرفتار کیا گیا،مذکورہ کیس میں مجموعی طور پر 27 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے۔لہٰذا مزید تفتیش کے لئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔ احتساب عدالت نے ملزم بلال شریف کو 14جولائی تک نیب حکام کے حوالے کر دیا ۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے عوام سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دیتے ہوئے لگ بھگ 11 ارب روپے لوٹے،تمام ملزمان سے تحقیقات کا سلسلہ جاری جبکہ مزید ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کا امکان ہے ۔