پولیس نے 13جولائی کو راستوں کی بندش کیلئے درجنوں کنٹینرز پکڑ کر کھڑ ے کر دئیے 

 
0
313

عام شہریوں کاکسی مشکل سے بچنے کیلئے معمول کی سر گرمیاں معطل کرکے گھروں میں رہنے کا فیصلہ
لاہور،جولائی 12 (ٹی این ایس):پولیس نے کل جمعہ کے روز  مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی لندن سے پاکستان آمد کے موقع پر امن و امان کے قیام کیلئے انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔ کسی بھی طرح کی صورتحال سے نمٹنے اور راستوں کی بندش کیلئے درجنوں کنٹینرز پکڑ کر مختلف مقامات پر کھڑے کر دئیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کی ہدایات کے بعد پولیس نے 13جولائی کو امن و امان کے قیام کے لئے اپنی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں ۔کسی بھی طرح کے احتجاج اور ائیر پورٹ کو جانے والے راستوں کی بندش کیلئے کنٹینرز پکڑ کے مختلف شاہراہوں پر کھڑے کر دئیے گئے ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر شاہراہوں پر کھڑا کر کے راستوں کو بند کیا جائے گا۔ دوسری جانب عام شہریوں نے جمعہ کے روز امن و امان کے خدشات کے پیش نظر اپنی معمول کی سر گرمیاں معطل کر کے گھروں میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جمعہ کے روز دوسرے شہروں کا سفرکرنے والوں نے بھی روانگی کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔