ریحام خان کی کتاب کا معروف ویب سائٹ ایمیزون پر اجراء

 
0
750

لاہور، جولائی  13 (ٹی این ایس):  صحافی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب معروف ویب سائٹ ایمیزون پر ریلیز کر دی گئی۔ 563 صفحات پر مشتمل کتاب کا نام ’ریحام خان‘ ہے اور اس میں مصنفہ نے اپنی زندگی کے اہم واقعات کی تفصیلات درج کی ہیں۔

گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے پاکستانی سیاست میں ہلچل مچادی تھی، کتاب شائع ہونے سے قبل ہی اپنے متنازع متن کے باعث خبروں کی زد میں آگئی تھی، سوشل میڈیا پر جاری کیے جانےوالے کتاب کے متن میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں پر الزام تراشی کی گئی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حمزہ علی عباسی اور گلوکار سلمان احمد کی جانب سے ریحام خان پر مذکورہ کتاب کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈ لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

جب کہ برطانیہ میں بھی ایک لاء فرم کے ذریعے عمران خان کے قریبی دوست ذوالفقار بخاری عرف ذلفی بخاری، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، ریحام خان کے سابق شوہر اعجاز رحمان اور ایک برطانوی نژاد پاکستانی خاتون نے بھی ریحام خان کو نوٹسز بجھوائے گئے۔

ایمیزون ویب سائٹ پر کتاب کے حوالے لکھا گیا ہے کہ اس میں سماج اور سیاست سے جڑے حساس معاملات کو بیان کیا گیا ہے اور اس کی مصنف کو کتاب کی وجہ سے دھمکیوں، ہراسگی اور زندگی کو خطرے جیسے حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

ریحام خان کی جانب سے اپنی کتاب کسی بھی پبلشر سے نہیں چھپوائی گئی بلکہ انہوں نے اپنی کتاب ایمازون کے ٹیبلٹ کنڈل پر جاری کی ہے۔ کتاب کی قیمت 9 اعشاریہ 99 ڈالر رکھی گئی ہے اور اسے صرف آن لائن پڑھا جاسکتا ہے۔ ریحام خان نے اپنی کتاب کا نام ’ ریحام خان‘ رکھا ہے ، جس میں انہوں نے عمران خان کے ساتھ بطوری بیوی گزارے گئے وقت کا بڑی تفصیل کے ساتھ تذکرہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی، مراد سعید سمیت عمران خان کی نجی زندگی کو بھی کتاب میں موضوع بحث بنایا گیا ہے۔