ہلدی گلوکوما کے علاج میں بھی مؤثر ،برطانوی سائنسدانوں کی نئی تحقیق

 
0
778

لندن26جولائی(ٹی این ایس) برطانیہ میں کنگز کالج اور امپیریل کالج کے سائنس دانوں نے تحقیق کے بعد کہا ہے کہ سرکیومِن گلوکوما کی ابتدائی کیفیت کو ٹھیک کرسکتی ہے۔

گلوکوما میں آنکھ میں مائع بھرنے سے آنکھ کو دماغ سے جوڑنے والے قدرتی اعصاب تیزی سے تباہ ہوتے ہیں۔ آنکھ کے اس اعصابی دباؤ کو کم کرنے کے لیے ماہرین آنکھوں میں ٹپکانے کے قطرے تجویز کرتے ہیں لیکن اب نہ صرف ہلدی میں موجود ایک جزو ’سرکیومن‘ سے اس مرض کو دور کرنا ممکن ہے بلکہ اسے آنکھ کے متاثرہ حصے تک پہنچانے کا طریقہ بھی دریافت کرلیا گیا ہے۔
قبل ازیں سرکیومن دل کے امراض، بلڈ پریشر، دماغی بیماریوں، الزائیمر، جسمانی جلن اور دیگر کئی بیماریوں میں انتہائی مفید ثابت ہوچکا ہے اور اب اسے آنکھوں میں استعمال کرکے دنیا بھر میں کروڑوں افراد کی بینائی بچائی جاسکتی ہے۔اب سائنس دانوں نے کہا ہے کہ آنکھ کے ریٹینا میں پائے جانے والے ’ریٹینیئل گینگلیئن سیلز‘ صحت مند بصارت کی ضمانت ہوتے ہیں اور گلوکوما میں یہ سب سے پہلے متاثر ہونا شروع ہوتے ہیں۔