عمران خان نے حلقہ این اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریدا‘خواجہ سعد رفیق 

 
0
321

ہر گندا کام کرکے بھی صرف 680 ووٹوں کی اکثریت حاصل کر پائے، اگر رتی برابر شرم ہو تو چلو بھر پانی میں ڈوب مرو
لاہور 27جولائی(ٹی این ایس) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے حلقہ این اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریدا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کی شکست شکستِ فاتحانہ ہے کیوں کہ مسلسل 4 برس میڈیا ٹرائل، سازشوں، کھینچا تانی، عدالتی کارروائیوں اور دبا کا سامنا کیا۔میرا سابقہ حلقہ 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا اور این اے 131 لاڈلے کے لیے تیار کیا گیا جبکہ پولنگ کے 22 گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔سعد رفیق نے کہا کہ 40 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ایجنٹس کو نتائج دینے میں غیر معمولی تاخیر اور انکار کیا گیا جبکہ فوت شدہ لوگوں کے ووٹ بھی ڈالے گئے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے این اے 131کا الیکشن 50کروڑ روپے میں خریدا، اندھا دھند پیسہ لٹایا گیا اور ووٹ کی خرید و فروخت کی گئی۔ایک اور ٹوئٹ میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر گندا کام کرکے آپ صرف 680 ووٹوں کی اکثریت حاصل کر پائے، اگر رتی برابر شرم ہو تو چلو بھر پانی میں ڈوب مرو۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سعد رفیق کو معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔عمران خان نے 84ہزار 313ووٹ لیے جبکہ سعد رفیق نے 83ہزار 633 ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔