شیخ عبدالعزیز کو شہادت کی برسی پر خراج عقیدت ،بھارتی مذموم منصوبوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

 
0
293

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے،سید علی گیلانی
سرینگر اگست11(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ممتاز آزادی پسند رہنما شیخ عبدالعزیز کو انکی شہادت کی10ویں برسی پر شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر لاکھوں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مقدس مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھا جائے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے حقِ خودارادیت کی تحریک کو ایک نئی جلا بخشی اور ان کی شہادت محکوم کشمیریوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کشمیری اپنے پپدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے گزشتہ ستر برس سے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت ان کی جدوجہد کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے اور اس نے کشمیریوں کے سیاسی، آئینی اور مذہبی حقوق صلب کر رکھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مشکلات اورمصائب کے لیے یہاں کے بھارت نواز سیاست دان برابر کے شریک ہیں لہذ ا کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ انکے ساتھ مکمل ترک تعلق کرکے ان کی مکروہ چالوں کو ناکام بنائیں۔ سید علی گیلانی نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنما ڈاکٹر غلام محمد گنائی کے بھائی محمد اسداللہ گنائی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست2008کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مکروہ بھارتی سازشوں کے خلاف حیدرپورہ چوک سرینگر میں پرُامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں مولوی بشیر احمد عرفانی، نثار حسین راتھر، محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی، حکیم عبدالرشید، خواجہ فردوس وانی، سید محمد شفیع، حاجی قدوس، سید امتیاز حیدر، شکیل احمد بٹ، عمران احمد بٹ، عبدالرشید ڈار، محمد حنیف ڈار، محمد شفیع پیر، عبدالحمید اِلٰہی ،ارشد حسین بٹ اور بڑی تعداد میں دیگر حریت رہنما اور کارکن شریک تھے۔

بشیر احمد عرفانی اور نثار حسین راتھر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت سپریم کورٹ کے ذریعے دفعہ 35-Aکو ختم کرکے کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دفعہ ختم ہونے سے غیر ریاستی لوگوں کو یہاں زمین او ردیگر جائیدار خریدنے کی کھلی چھٹی حاصل ہوگی اور وہ یہاں ملازمتیں بھی حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مذموم بھارتی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔