پی ٹی آئی کے عثمان بزدار 186ووٹ لے کر پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب

 
0
574

لاہور اگست 19(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدار 186ووٹ لے کر پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز شریف نے 159ووٹ حاصل کیے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کیا گیا اور اراکین نے دو حصوں میں تقسیم ہو کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن نے بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیرسے ساڑھے بارہ بجے شروع ہوا جس پر ن لیگی اراکین کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔اجلاس سے قبل سپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے نامزدامیدوارعثمان بزدارنے ون ٹو ون ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پرتبادلہ خیال کیا گیا،عثمان بزدارخودپرلگنے والے الزامات کاایوان میں جواب دیں گے۔

دریں اثنا آزادارکان پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے سپیکرچیمبرمیں ملاقات کی،ملاقات کرنےوالوں میں احمد علی اولکھ ،جگنومحسن اور معاویہ اعظم شامل ہیں،تحریک انصاف اوراتحادی ق لیگ نے عثمان بزدارکوووٹ دینے کی درخواست کی۔
ارکان اسمبلی خفیہ رائے شماری کے بجائے دو واضح حصوں میں تقسیم ہو کر نئے قائد ایوان کا چناؤ کریں گے۔ ارکان دو الگ الگ دروازوں سے ایوان میں داخل ہو کراپنے امیدوار کی حمایت کا اظہار کریں گے۔دروازے پر ہی ارکان کی گنتی کی جائے گی اور اگر کوئی رکن اسمبلی اپنی پارٹی فیصلے کے خلاف کسی دوسری جماعت کے امیدوار کو ووٹ دے گا تو پارٹی سربراہ اسے نااہل کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجنے کا حق رکھتا ہے۔