انٹرنیشنل انجینئرنگ اینڈ مشینری ٹریڈ فیئر، فوڈ ٹیکنالوجی اور حلال فوڈ ایشیاء 2018کی بین الاقوامی نمائش کا افتتاح 

 
0
502

چھوٹی اور بڑی صنعتوں کے فروغ کے لئے جلد مربوط اور جامع پالیسی لائیں گے، نوجوانوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کی پالیسی کا جلد اعلان کریں گے‘صوبائی وزیر صنعت میا ں اسلم اقبال کا خطاب
لاہور ستمبر 1(ٹی این ایس)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے انٹرنیشنل انجینئرنگ اینڈ مشینری ٹریڈ فیئر، فوڈ ٹیکنالوجی اور حلال فوڈ ایشیاء 2018کی بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کیا۔ایکسپوسنٹر لاہور میں تین روز تک جاری رہنے والی اس بین الاقوامی نمائش میں 300 سٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ نمائش میں 11 ممالک سے غیر ملکی بزنس مینوں نے سٹالز لگائے ہیں ۔صوبائی وزیر نے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر مراد راس نے نمائش کے افتتاح کے بعد مختلف سٹالوں کا معا ئنہ کیا ۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایسی نمائشیں مقامی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کا باعث بنتی ہیں ۔ میں اس شاندار نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دیتا ہوں۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جارہے ہیں اورچھوٹی اور بڑی صنعتوں کے فروغ کے لئے جلد مربوط اور جامع پالیسی لائیں گے ۔ انہو ں نے کہاکہ صنعت کاری اور سرمایہ کاری کے عمل کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط کریں گے کیونکہ صنعتوں کے فروغ میں فنی تعلیم کو کلیدی حیثیت حاصل ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کی پالیسی کا جلد اعلان کریں گے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

انہو ں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی ،ٹیکس نظام کی بہتری ،ان پٹس کی لاگت میں کمی لائے بغیر برآمدات میں اضافہ نہیں کیاجاسکتا ۔ اس مقصدکیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔لوکل مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی موثرپالیسی بنائی جائے گی ۔ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ100 دن کے پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیاجائے گا ۔ انہو ں نے کہاکہ غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے سرمایہ کاری اور صنعتوں کا فروغ ناگزیر ہے ۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مرادراس نے کہاکہ ایسی نمائشوں کے انعقاد سے سیاحت کو فروغ ملتا ہے اور ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی ۔

انہوں نے کہاکہ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سرکاری سکولوں میں طلباء کو معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کررہاہے ،طلباء کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی فراہمی سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی اور فنی تعلیم کے فروغ سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا ۔تین روزہ نمائش میں مقامی صنعت کاروں کے علاوہ اٹلی ، سوئزرلینڈ،جرمنی ، یوایس اے ، یوکے ، ایران اور چین کے سرمایہ کاروں نے سٹال لگائے ہیں ۔صوبائی وزراء نے سٹالوں کا معائنہ کیا اور سٹالوں پر رکھی گئی مصنوعات کے معیار کو سراہا۔