گورنرسندھ عمران اسماعیل نے برنس سینٹر میں تار گرنے کے واقعات میں زخمی بچوں کی عیادت کی

 
0
783

والدین سے ملاقات۔برنس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر نے گورنر سندھ کو علاج کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا
واقعات کی ذمہ دار کے الیکٹرک کو ان بچوں کے لئے علاج ا ور تعلیم کے ضمن میں پیکج کا اعلان کرنا ہوگا ۔گورنرسندھ
کراچی، ستمبر 04(ٹی این ایس):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پیر کے روزسول اسپتال کے برنس سینٹر میں احسن آباد میں تا ر گرنے کے واقعہ میں زخمی ہونے والے 8 بر س کے عمر کی عیادت کی اور زخمی بچہ کے والدین اور دادی سے ملاقات بھی کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ اورسول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر توفیق بھی موجود تھے ۔برنس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر نے گورنر سندھ کو عمر کے علاج کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔گورنر سندھ نے سول اسپتال کے حکام کو ہدایت کی کہ عمر کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولیات یقینی بنائی جائے ۔

اس سے قبل گورنر سندھ نے ایک ماہ قبل بجلی کے تاروں سے زخمی ہونے والے 11سالہ بچے حارث کی عیادت کی اور ان کی والدہ سے ملاقات بھی کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک ان واقعات کی ذمہ دار ہے اسے ان بچوں کی ذمہ داری اٹھانا ہوگی اس ضمن میں کے الیکٹرک دونوں بچوں کے والدین کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائے اور دونوں بچوں کے علاج اور تعلیم کے لئے پیکج کا اعلان کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات دنیا بھر میں ہوتے ہیں لیکن ذمہ دار ادارہ ازخود آگے بڑھ کر ان کے ازالہ اور مستقبل میں روک تھام کے اقدامات کرتا ہے ،وزیر اعلی سندھ بھی ان واقعات کا نوٹس لیں اس ضمن میں وہ وفاقی حکومت سے بھی بات کریں گے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ عمر کو اپنے اوپر گذرنے والی قیامت صغریٰ کا اندازہ نہیں وہ اب بھی بڑا ہوکر آرمی چیف بننا چاہتا ہے ، اسپتال انتظامیہ کو دونوں بچوں کے علاج معالجہ کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے قومی شجر کاری مہم کے سلسلہ میں برنس سینٹر میں پودا بھی لگایا۔