جاویدحنیف کی درخواست ضمانت میں سندھ ہائیکورٹ کا نیب حکام کوملزمان کے وکیل کوتمام دستاویزات فراہم کرنےکاحکم

 
0
746

کراچی ستمبر 5(ٹی این ایس)سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی جاویدحنیف کی درخواست ضمانت کی سماعت میں نیب حکام کوملزمان کے وکیل کوتمام دستاویزات فراہم کرنےکاحکم دیتے ہوئے د رخواست کی مزید سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی جاویدحنیف کی درخواست ضمانت پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی ۔اس موقع پر نیب حکام نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ملزم جاوید حنیف پر کرپشن،اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے،ملزم نے وزیرکی حیثیت سے پورٹس اینڈشپنگ میں940غیرقانونی بھرتیاں کیں جس سے قومی خزانے کو2ارب سے زائدکانقصان ہوا۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جاوید حنیف کی گرفتاری غیر قانونی ہے اور نیب چیئرمین واضح کر چکے تھے انتخابی امیدوار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

جس پر عدالت نے سوال کیا کہ کون سے ملزمان ہیں جوضمانت قبل ازگرفتاری مانگ رہے ہیں؟نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ ملزم کےخلاف ریفرنس اسلام بادبھیج دیاہے،جلددائرہوجائے گا اور جب ریفرنس آجائےگاتوپھردرخواست ضمانت پردلائل دیں گے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تمام ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں آئندہ سماعت پرایک ساتھ سنیں گے۔سندھ ہائیکورٹ نے نیب حکام کوملزمان کے وکیل کوتمام دستاویزات فراہم کرنےکاحکم دیتے ہوئے د رخواست کی مزید سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔