بھارت تنازعہ کشمیر کو فوجی طاقت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس

 
0
365

نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم ، سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی مذمت
سرینگرستمبر 6(ٹی این ایس )مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کو ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اس مسئلے کو فوجی طاقت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی کی صدرات میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس سرینگر کے علاقے پیرباغ میں حریت دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی تازہ ترین صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بلدیاتی اور پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کے مشترکہ حریت قیادت کے فیصلے کی مکمل تائید وتوثیق کی گئی ۔ اجلاس میں کشمیریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص اور حقِ خودارادیت کی تحریک کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے کسی بھی قسم کے انتخابات سے دُور رہیں۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے اطراف واکناف خاص طور پر جنوبی کشمیر کے علاقوں میں نہتے لوگوں پر قابض فورسز کے مظالم اور قتل وغارت گری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے حق خود ارادیت کی تحریک کے ساتھ والہانہ وابستگی پر لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ قابض انتظامیہ نے گزشتہ آٹھ برس سے سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کو جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے ۔ اجلاس میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع کولگام کے رہائشی نوجوان فیاض احمد وانی کو گولی مار کر شہید کرنے کی کارروائی کو انتہائی بزدلانہ قرار دیتے ہوئے جنگی جرائم کے مرتکب بھارتی فوجیوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے تمام واقعات کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔ اجلاس میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل اور دیگر جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے انکی ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنے پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں بونیار اوڑی میں 9برس کی کم عمر بچی کے سفاکانہ قتل میں ملوث مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
خبرنمبر20