لاہور، ستمبر 08(ٹی این ایس):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے13 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے چوہدری سرور کی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ،نشست گورنر پنجاب بننے کے بعدچوہدری سرور کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی، خالی نشست پر ضمنی انتخاب تین اکتوبر کو پنجاب اسمبلی میں ہو گا،الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 13 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں جبکہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 14 ستمبر کو جاری کی جائے گی،پنجاب سے خالی نشست پر امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 18 ستمبر تک ہو گی، انتخاب سے دستبردار ہونے والے امیدوار 25 ستمبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔