لاہور، ستمبر 08(ٹی این ایس):سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے ملاقات کی اور ارکان اسمبلی کیلئے زیرتعمیر ہوسٹل اور مسجد کا دورہ کیا، چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ کو اس حوالے سے بریف کیا اور انہیں بتایا کہ میرے دور میں ہم نے ایک ماہ کی تنخواہ مسجد کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی تھی،وزیر اعلیٰ نے سپیکر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ، مسجد اور ہوسٹل جلد مکمل ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی اور اہم امور پر گفتگو کی گئی ،وزیراعلیٰ پنجاب نے سپیکر کو یقین دلایا کہ ارکان اسمبلی کیلئے نیو ہوسٹل کی تعمیر کے آرڈر میں ابھی جاری کرتا ہوں جبکہ مسجد کی تعمیر کیلئے جتنا فنڈ درکار ہو گا حکومت دے گی اور بجٹ میں پنجاب اسمبلی بلڈنگ کیلئے فنڈز بھی مختص کیا جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے تمام ترقیاتی منصوبے شہبازشریف کے تعصب کی نظر ہو گئے، ہم التوا میں رکھے گئے تمام منصوبوں کو انشاء اللہ جلد مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے دلچسپی لی ہوتی تو اسمبلی کی نئی بلڈنگ 8 سال پہلے مکمل ہو چکی ہوتی، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ارکان اسمبلی کو بھی عزت نہ دی۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ ایوان میں ارکان اسمبلی کی تعداد کے مطابق بیٹھنے کی گنجائش نہیں، تعمیر میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایوان میں 248 ارکان بیٹھ سکتے ہیں جبکہ پرانا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نئی بلڈنگ میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔ سپیکر نے تعمیراتی اداروں کو تاکید کی کہ بلاتاخیر کام مکمل کیا جائے، بلڈنگ کی تزئین و آرائش مثالی ہونی چاہئے اور اس میں فول پروف سیکیورٹی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔