پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام بچوں کیلئے جونیئر ٹینس سمر کیمپ باغ جناح ٹینس کورٹس میں جاری

 
0
569

لاہورجولائی 19 ( ٹی این ایس): پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تعاون سے پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کیلئے جونیئر ٹینس سمر کیمپ باغ جناح ٹینس کورٹس میں جاری ہیں۔ گزشتہ روز ایونٹ کی افتتاحی تقریب ہوئی جس کی مہمان خصوصی ممبر پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر عظمی تھیں۔ اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور کیمپ کمانڈنٹ رشید ملک، 70 کے قریب جونیئر کھلاڑی ، والدین اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

رشید ملک کے مطابق 13 اگست تک جاری رہنے والے اس کیمپ کا ایک حصہ باغ جناح میں جبکہ دوسرا حصہ ایچی سن کالج میں جاری ہے۔ انہوں نے سپانسر پنجاب ریونیو اتھارٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے چھوٹے بچوں کیلئے اتنا شاندارجونیئر ٹینس سمر کیمپ سپانسر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ان بچوں پر ہمیں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے گیارہ سال کے بچوں پر ہی ہمیں زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہی عمر ہے جہاں سے بچے اور بچیاں بہترین طریقے سے سیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیسرے مرحلے میں یکم اگست سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بھی سمر کیمپ شروع ہو جائے گا۔ رشید ملک کا کہنا تھا کہ اس سال امریکہ جانے کی بجائے پاکستانی بچوں کو زیادہ فوکس کرلیا ہے تا کہ یہ بچے بڑے ہوئے اعصام الحق اور عقیل خان جیسے اچھے کھلاڑی بن سکیں۔ ڈاکٹر عظمی ممبر پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب لان ٹینس کھیل کے فروغ کیلئے بہترین کام کر رہی ہے۔ ہمیں چھوٹے بچوں کیلئے سمر کیمپ سپانسر کرکے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ جونیئر ٹینس سمر کیمپ سے بہت سے بچے مستفید ہو رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔