حافظ نعیم الرحمن کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات ٗکراچی میں بجلی کے مسائل پر بھی گفتگو

 
0
756

کراچی جولائی19(ٹی این ایس ):امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے کراچی میں چین کے قونصل جنرل وانگ یو(Wang Yu)سے ملاقات کی اور اہم قومی و بین الاقوامی امور ٗ تجارتی واقتصادی معاملات اور کراچی میں بجلی کے بحران پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مظفر احمد ہاشمی ، ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی اور سلمان کریم خان بھی شامل تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن اور برادر ہمسائے ملک چین کے قونصل جنرل نے پاکستان اور چین کے دیرینہ و مستحکم تعلقات اور دوستی ،سی پیک کے منصوبے اور چین کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ، جماعت اسلامی اور چینی حکومت و سوشلسٹ پارٹی کے تعلقات بالخصوص کراچی میں بجلی کے مسائل ، کے الیکٹرک کی جانب سے کیے گئے معاہدہ کے مطابق پیداواری صلاحیت ہونے کے باوجود بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہ کرنے اور اوور بلنگ کے باعث عوام کو درپیش مسائل اور چین کی کمپنی شنگھائی الیکٹرک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے بحران ختم کرنے پر چینی حکومت کے تعاون کا بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا اور جماعت اسلامی بھی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ تسلط اور بھارتی افواج کے مظالم کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ملاقات میں باہمی رابطوں اور تعلقات میں بہتری اور استحکام کے لیے آئندہ بھی ملاقاتیں جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔