نا اہل وزیر اعظم اپنے بنائے نیب کے سامنے پیش ہونے سے خوفزدہ کیوں ،ڈاکٹر طاہر القادری

 
0
357

لاہوراگست19 (ٹی این ایس) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نااہل وزیر اعظم اپنے بنائے نیب اور تعینات کردہ افسروں کے سامنے پیش ہونے سے خوفزدہ کیوں ہیں؟انہیں صفائی دینے کا تیسرا موقع ملا ہے اس سے فائدہ اٹھائیں اور جی ٹی روڈ والے سوالات نیب کے سامنے اٹھائیں۔انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مختلف ونگز اور فورمز کے صدور سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تین بار وزیر اعظم بننے والے شخص کو قانون اور اداروں کا احترام کرتے ہوئے نیب میں پیش ہونا چاہیے۔نیب کی طرف سے یہ طلبی پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کے حکم پر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی کے طرز عمل سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کے نزدیک آئین ،جمہوریت اور اداروں کا کتنا احترام ہے۔سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہاکہ کرپشن کا اژدھا قانون کے شکنجے میں آیا ہے امید ہے اس بار لوٹ مار کی پائی پائی کا حساب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ والیم 10 نیب کے حوالے ہونے کی خبریں سن رہے ہیں ،ہم اس انتظار میں ہیں کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیر سماعت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی طرف سے دائر کردہ استغاثہ کا جلد سے جلد حصہ بنے تا کہ انصاف کا عمل درست سمت میں آگے بڑھ سکے ۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر محمد طاہر القادری 21اگست کو برطانیہ دورہ پر روانہ ہوں گے جہاں وہ پہلے سے طے شدہ کانفرنسز میں شریک ہوں گے جو لندن، مانچسٹرمیں منعقد ہو رہی ہیں ۔ترجمان کے مطابق سربراہ عوامی تحریک عید الضحیٰ سے قبل پاکستان آ جائینگے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری مانچسٹرمیں چار روزہ ’’الہدایہ کیمپ‘‘میں شرکت کریں گے ،اس کیمپ میں یورپ بھر سے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی ممتا ز شخصیات شریک ہوں گی۔