لاہور(ٹی این ایس): سی ایس ایس کے 45ویں کامن سے تعلق رکھنے والے 3افسران نے صوبہ پنجاب میں اپنی پہلی تعیناتی کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ سے ملاقات کی۔ صوبائی محکمہ انرجیمیں مس ماریہ جاوید، ہوم ڈیپارٹمنٹ میں سیدہ سدرہ اور محکمہ فوڈ پنجاب میں جواد الحسن کو بطور سیکشن آفیسرز تعینات کیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے مقابلے کے امتحان (سی ایس ایس) منعقدہ 2016 میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے تینوں نوجوان سول سرونٹس کو پیشہ وارانہ تربیت کی کامیاب تکمیل کے بعدعملی کیریئر کا آغاز کرنے پر خوش آمدیدکہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پورے جذبے، لگن اور دیانتداری کے ساتھ پنجاب کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ اس ملاقات کے دوران محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل سیکرٹری (ویلفیئر) دانش افضال، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹرانسپورٹ ) عاشق حسین اولکھ، ڈپٹی سیکرٹری (ویلفیئر) محترمہ نورش صبا اور ڈپٹی سیکرٹری (سٹاف) محترمہ صبا اصغر علی بھی موجودتھیں۔