این اے 120ضمنی انتخابات، بیلٹ پیپرفوج کی نگرانی میں الیکشن کمیشن کے سپرد ، پولنگ سامان کی ترسیل شروع

 
0
346

لاہور، ستمبر16 (ٹی این ایس ): سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد لاہور سے خالی ہونے والی  قامی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب کل ہوگا، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے  اس حلقے  میں کلثوم نواز نامزد امیدوار ہیں   جب کہ تحریک انصاف نے یاسمین راشد اور پیپلزپارٹی کی جانب سے فیصل میر کو میدان میں اتارا ہواہے انتخابی مہم گزشتہ رات ختم ہوچکی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حلقے میں بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی، تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے گھر گھر جاکر مہم چلائی تو  مریم نواز نےبھی  والدہ کی مہم چلانے میں کوئی کسر ن چھوڑی۔ انہوں نے بھی حلقے کے دورے کیے اور ریلیاں نکالیں

این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے بیلٹ پیپرز گزشتہ روز فوج کی نگرانی میں الیکشن کمیشن کے سپرد کر دئے گئے  جب کہ اب الیکشن کمیشن نے کل ہونے والی پولنگ کے لیے سامان کی ترسیل شروع کردی ہے۔بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچائے جائیں گے جب کہ پرایزائیڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز اور دوسرا سامان آج دیا جائے گا۔ حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل صبح 8 بجے شروع ہوگی جو شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کےمطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 633 ہے جن میں ایک لاکھ 79 ہزار 505 مرد اور ایک لاکھ 43 ہزار 128 خواتین ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہےکہ انتخاب کے لیے 220 پریزائیڈنگ آفیسر، 568 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسراور 568 ہی پولنگ افسر ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

انتخاب کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے فوجی جوان آج سے ہی اپنی ڈیوٹی پر پہنچیں گے اور رات بھر پولنگ اسٹیشن پر ہی موجود رہیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پریزائیڈنگ افسران کو پولنگ کے بعد نتائج فوری جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حلقے میں لڑائی جھگڑوں کے خدشے کے سبب تمام 220 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس اور اسپیشل برانچ نے متفقہ طور پر تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے ،پولنگ کے روز تمام اسٹیشنز پر پولیس کی اضافی نفری، رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔