کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دینا چاہتے ہیں،ایف آئی اے میں موجود کالی بھیڑیں نکال باہر پھینکیں گے‘ احسن اقبال

 
0
438

لاہور ( ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دینا چاہتے ہیں،ایف آئی اے میں موجود کالی بھیڑیں نکال باہر پھینکیں گے،تین سال میں10 ہزارمیگاواٹ بجلی سسٹم میں لائے اور 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کر کے دکھائی، عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا دعویٰ کیاتھا لیکن وہ 5سال میں 10میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) انجینئرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور افسران سے ملاقات کے دوران کیا ۔ لیسکو انجینئرز رانا وسیم ، محمد رمضان بٹ اور رائے اصغر سمیت 100سے زائد انجینئرز نے ملاقات کی اور علامہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں ہونے فراڈ میں ایف آئی اے کی طرف سے بلاوجہ جان بوجھ کر غلط تفتیش کرنے اور 11افسران لیسکو کے خلاف کیس رجسٹرڈ کرنے سے آگاہ کیا ۔جس پر وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایف آئی اے کی زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی جڑ کو اکھاڑ دینا چاہتے ہیں ، ایف آئی اے میں بھی کرپشن قابل قبول نہیں ، کالی بھیڑوں کو نکال باہر پھینکیں گے ۔ انہوں نے لیسکو افسران کو یقین دلایا کہ جلد انجینئرز سروس سٹرکچر تشکیل دیدیا جائے گا اور انجینئرز کو جائز مقام ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آئی تھی ،ہم تین سال میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لائے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کر کے دکھائی۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے بھی خیبرپختونخواہ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا دعویٰ کیاتھا لیکن وہ 5سال میں 10میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کرسکے۔