گاڑیاں دلوانے کی آڑ میں سادہ لوح افراد سے 19کروڑ روپے بٹور لیا

 
0
391

 

لاہور ،اکتوبر07(ٹی این ایس): گاڑیاں دلوانے کی آڑ میں سادہ لوح افراد کو 19کروڑ روپے سے محروم کرنے پرمتاثرہ شخص شاہد علی ،حافظ نوید کے خلاف کارروائی کے لئے سیشن عدالت پہنچ گیا،متاثرہ شخص نے الزام عائد کیا ہے کہ اس گروہ میں سی آئی اے کے 2سب انسپکٹر بھی شامل ہیں جس پرعدالت نے ایس پی سی آئی اے کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج فیاض احمد بٹر کی عدالت میں سمن آباد کے رہائشی شاہدعلی کو نصیرگجرایڈووکیٹ نے سادہ لوح افراد سے رقم ہتھیا کر ان کو جعلی چیک دینے پر حافظ نوید نامی شخص کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حافظ نوید گروہ کا رکن ہے جو لوگوں کو کمیٹیاں دینے اور گاڑیاں دینے کا جھانسہ دے کر رقم ہتھیا لیتا ہے، اب تک دکانداروں سے 19کروڑ روپے کی رقم ہتھیائی جا چکی ہے ،اس کی پشت پناہی مبینہ طور پرسی آئی اے نواں کوٹ کے دو سب انسپکٹر ارشد علی اور مظہر اقبال کررہے ہیں، حافظ نوید نے تاجر شاہد علی سے 25لاکھ روپے لئے، بعد میں اسے جعلی چیک دے دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ حافظ نوید کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے ایس پی سی آئی اے معاملے کی انکوائری کرکے 11اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔