آسٹریلیا میں کھیلے گئے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس نے آخری پوزیشن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا

 
0
360

لاہور نومبر 12(ٹی این ایس)آسٹریلیا میں کھیلے گئے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس نے آخری پوزیشن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا،تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ جاپان نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق میلبورن سٹیٹ نیٹ بال ہاکی سنٹر میں تیسری پوزیشن کے میچ کے لئے پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں مد مقابل تھیں ۔اس میچ میں قومی ٹیم نے ایونٹ میں مسلسل چوتھی اور جاپان سے دوسری شکست کھائی ۔اس مقابلے میں جاپان نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے مات دی۔ گرین شرٹس سائیڈ نے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کئے ۔

ایونٹ میں پاکستان کو میزبان آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ سے ایک ایک جبکہ جاپان سے دو میچوں میں شکست کا سامنا رہا ۔ پاکستان نے 4 میچوں میں مجموعی طور پر 17 گولز کھائے اور حریف ٹیموں کے خلاف صرف 4گول سکور کئے۔شائقین ہاکی نے قومی ٹیم کی بد ترین شکست پر اپنی شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ کھلاڑی اور مینجمنٹ کے لوگ صرف سیر سپاٹے کے لئے آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں۔ ایونٹ میں بدترین شکست کے باوجود ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں یا مینجمنٹ کے ذمہ داران کی جانب سے ایک بیان سامنے نہیں آیا ۔ مطالبہ ہے کہ فیڈریشن اور مینجمنٹ کے ذمہ داران اس شکست کے بعد فی الفور مستعفی ہو جائیں ۔