سفارتکاروں کو تجارتی ، معاشی سر گرمیوں کے فروغ ،سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا ٹاسک دیا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

 
0
870

لاہور نومبر 29(ٹی این ایس)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے بیرون ممالک تعینات سفارتکاروں خصوصاًکمرشل اتاشیوں کو اپنے ملک کیلئے تجارتی ، معاشی سر گرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا ٹاسک دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاحت کی ترقی کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کیلئے اپنے سفارتکاروں کو متحرک کررکھا ہے اور اس مد میں خطیر فنڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔بھارتی سفارتکاروں کے ذریعے تجارتی اور معاشی سر گرمیوں کو بھی فروغ دیا جارہا ہے اور بھارت میں امریکہ سمیت 150ممالک کے تاجروں کی بین الاقوامی کانفرنس اس کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتکار اہلیت میں کسی سے کم نہیں اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں بھی فعال کردار ادا کرنے کاٹاسک دیا جائے کہ وہ پاکستان کی تجارتی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے نہ صرف ان سے ملاقاتیں کریں بلکہ کانفرنسز کا انعقاد کر کے انہیں پاکستان لایا جائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کیلئے بھی عملی اقدامات کرنا ہوں گے اوراس کے لئے از سر نو پالیسیاں ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات قدرتی حسن سے مالا مال ہیں ،بین الاقوامی سیاحوں کو اس سے روشناس کرانے کیلئے خصوصی ڈاکو منٹریزبنا کر انٹر نیشنل میڈیا میں دکھائی جائیں جبکہ سیاحوں کو سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتی سطح پر اعلانات کئے جائیں۔