غلام دوست محمد ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں تین ملزمان کو 7،7سال قید ،1کروڑ 90 لاکھ جرمانہ، احتساب عدالت نے فیصلہ سنا دیا

 
0
373

 کینال موٹرز کرپشن کیس میں بھی مرکزی ملزم رانا قیصر نذیر کو 12سال قید ، 48کروڑ 67لاکھ اور شریک ملزم محسن عباس کو 4سال قید کی سزا 
لاہور ،دسمبر 22 (ٹی این ایس): احتساب عدالت نے 2 اہم کرپشن کیسز کے فیصلے سنا دیئے ،غلام دوست محمد ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں تین ملزمان کو سات سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی جبکہ کینال موٹرز کرپشن کیس میں مرکزی ملزم رانا قیصر نذیر کو 12سال قید ، 48کروڑ 67لاکھ اور شریک ملزم محسن عباس کو 4سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور کے جج سید نجم الحسن بخاری نے غلام دوست محمد ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس کا فیصلہ سنارتے ہوئے تین ملزمان عبدالحمید، محمد جمیل اور فیاض احمد سات سات سال قید اور 1 کروڑ 90 لاکھ جرمانہ الگ الگ انفرادی طور پرادا کرنے کا حکم دیا ۔جبکہ چوتھے ملزم محمد امین کو مفرور قرار دے دیا۔ ملزمان نے 2012ء میں عوام سے پلاٹوں کی مد میں 8 کروڑ روپے کا فراڑ کیا، نیب لاہور نے مذکورہ کرپشن کیس کا 2013ء میں احتساب عدالت میں ریفرنس داخل کیا۔مذکورہ کیس میں 100 سے زائد متاثرین نے نیب لاہور کو دھوکہ دہی کی مد میں انصاف کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروائیں۔ جبکہ احتساب عدالت کے جج محمد وسیم نے کینال موٹرز کرپشن کیس کا فیصلہ سنایا ۔احتساب عدالت نے مرکزی ملزم رانا قیصر نذیر کو 12سال قید اور 48کروڑ 67لاکھ جرمانہ اور شریک ملزم محسن عباس کو 4 سال قید کی سزا سنائی ، کینال موٹرز کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی کرنے والے دیگر 6 ملزمان مفرور قرار دیاگیا ۔ تمام ملزمان کی فوری تلاش اور گرفتاری کے احکامات نیب کو موصول ہو گئے ،ملزمان نے سینکڑوں لوگوں کو صرف ڈان پیمنٹ کی ادائیگی پر کار حاصل کرنے کے نام پر کروڑوں روپے سے محروم کیا،نیب لاہور نے ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کرتے ہوئے 2012ی میں کرپشن ریفرنس داخل عدالت کیا۔ ترجمان نیب کے مطابق مذکورہ کیس میں ملزمان سے لوٹی گئی کروڑوں روپے کی رقم برآمدگی کی بعد متاثرین کو واپس لوٹائی جائیگی۔ترجمان کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے ملزمان کو احتساب عدالتوں سے سزائیں دلوانے کا تناسب 76 فیصد سے زیادہ ہے۔