وزیراعلیٰ پنجاب کے ہاتھوں رنگ روڈ ساؤدرن لوپ کا افتتاح ،ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہو گا، شہریوں کا قیمتی وقت اور ایندھن بچے گا‘شہباز شریف

 
0
356

قوموں کی زندگی میں ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ‘ وزیر اعلی پنجاب کاتقریب سے خطاب
لاہور،دسمبر22(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہوررنگ روڈاتھارٹی اورفرنٹےئرورکس آرگنائزیشن کے اشتراک سے تعمیر کیے گئے سدرن لوپ ون اور ٹوکا افتتاح کیا۔22.4کلو میٹر طویل اس اہم شاہراہ کی تعمیر نے شمالی اورجنوبی لاہور کو آپس میں ملادیا ہے ۔بین الاقوامی معیار کی یہ شاہراہ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہے اوراس سڑک سے روزانہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی آرام دہ اورمحفوظ آمدورفت یقینی ہوئی ہے ۔90میٹر چوڑی 6لین روڈ پر مشتمل لاہور کی اہم ترین شاہراہوں تک عوام کی آسان رسائی کیلئے 6انٹرچینج بنائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رنگ روڈ سدرن لوپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیاگیا ہے اوریہ شاندار پراجیکٹ سول انتظامیہ اورافواج پاکستان کے تعمیراتی ادارے ایف ڈبلیو او نے ملکر بنایا ہے اور ملک کو آگے لیجانے کا یہی طریقہ ہے ۔اکیلا کوئی کچھ نہیں کرسکتا،پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ کامنصوبہ معیار،تیزرفتاری سے تکمیل اورفن تعمیر کا اعلی شاہکار ہے ۔یہ ایک ایسا منصوبہ تھا جو تین سال سے پہلے مکمل نہیں ہوسکتاتھالیکن ایک سال میں مکمل ہوا ہے ،جس پر میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او اوران کی پوری ٹیم،پنجاب حکومت کے وزراء ،حکام،چےئرپرسن رنگ روڈ اتھارٹی عبداللہ سنبل اوران کی ٹیم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے طعنہ دیاجاتاہے کہ میں شاہراہوں کے منصوبوں میں دلچسپی لیتا ہوں ۔ہم نے صرف سڑکیں ہی نہیں بنائیں بلکہ صوبے میں تعلیم اورصحت کے عالیشان ادارے بھی بنائے ہیں ۔سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے ،اسی طرح صوبے بھر میں بے شمار ہسپتال بنائے گئے ہیں۔اگر روڈ انفراسٹرکچر بہتر نہ ہو تو ہسپتالوں،تعلیم اداروں،دفاتر میں پہنچنے کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹرویز بنانے کا کریڈٹ بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اورقیادت کو جاتا ہے ۔محمد نوازشریف نے ملک میں جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا اورانہی کی محنت کا ثمر آج ہم کھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ کو ناردرن لوپ سے ملایا گیاہے اوراسے آئی سی تھری سے منسلک کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس اہم شاہراہ پر سولر لائیٹس لگائی گئی ہیں ، لوگ یہاں رات کو بھی سفر کریں گے اورخوبصورت سڑک اورروشنیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے تعا ون سے ہارٹیکلچر کا ماڈل تیار کیاگیاہے اورپنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی اس منصوبے کو ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورت بنارہی ہے ۔ اس خوبصورت سڑک کو استعمال کرتے ہوئے لوگ بروقت اپنی منازل پر پہنچیں گے اورسفر سے لطف اندوز بھی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تیار کیاگیا ہے ۔ایف ڈبلیو او کی 25سال کی لیز ہے وہ اس کی آمدن سے اپنے اخراجات پورے کرے گاجبکہ فنائشل گیپ پنجاب حکومت پورا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شاندار ماڈل ہے اور اسی ماڈل کو ملک کے کونے کونے میں لیجانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا۔ سدرن لوپ کی شاہراہ کو انتہائی اعلی معیار سے تعمیر کیا گیا اور میں نے اس ضمن میں ایف ڈبلیو او کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ساتھ کئی میٹنگز کیں۔ بلا شبہ ڈی جی ایف ڈبلیو او نے منصوبے میں بے پناہ محنت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کئی منصوبے پنجاب سپیڈ سے مکمل کئے گئے ہیں جس کا اعتراف ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کیا گیا ہے تا ہم میں اسے پنجاب سپیڈ نہیں بلکہ پاکستان سپیڈ کہتا ہوں کیونکہ پاکستان ترقی کرے گا تو ہی ہم آگے بڑھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں انٹر چینج اور فلائی اوور بنائے گئے ہیں جبکہ سڑک زمین سے 6 میٹر اونچی ہے ۔ گزشتہ برس اس ضمن میں ایف ڈبلیو او اور لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے مابین معاہدہ ہوا اور ڈی جی ایف ڈبلیو او نے کہا کہ یہ منصوبہ اگست 2017 ء میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی تا ہم بعض رکاوٹوں کے باعث پھر بھی اس منصوبے کو ایک سال میں مکمل کر لیا گیا ہے جو تاریخی کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ لاہور شہر ایک کروڑ سے زائد آبادی کا شہر بن چکا ہے اور اس کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے ۔ اچھا روڈ انفراسٹرکچر اور اچھی ٹرانسپورٹ کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہ منصوبہ اس جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں بھی پنجاب حکومت نے دیگر منصوبوں کی طرح 7 ارب روپے کی بچت کی ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کا وقت، ایندھن اور رقم بچے گی اور یہ منصوبہ شہریوں پر سود مند سرمایہ کاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کو باوقار،آرام دہ، تیزرفتار اورمحفوظ سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کررہی ہے ،اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر ہوئی ہے تاہم اب پراجیکٹ پر پورے زورو شورسے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ نعرے بازی نہ کریں ، قوم کا وقت ضائع نہ کریں ۔ کچھ لوگوں نے قوم کا وقت بھی ضائع کیا اور وسائل بھی ضائع کئے، اس طرح قومیں نہیں بنتیں۔ قوموں کی زندگی میں ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ۔ قوم اگر عزم اور پختہ ارادہ کر لے تو کوئی پاکستان کو عظیم ملک بننے سے نہیں روک سکتا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ کی تکمیل پر ایف ڈبلیواو سمیت منصوبے پر کام کرنے والے تمام اداروں کو ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔حکومت پنجاب ان افراد کو کارکردگی سرٹیفکیٹ دے گی جنہوں نے اس عظیم منصوبے پر دن رات کا م کر کے اسے عوام کے لئے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے ۔چیئرپرسن رنگ روڈ اتھارٹی عبداللہ سنبل اوران کی ٹیم کو بھی پرفارمنس ایوارڈ دےئے جائیں گے جن کی ہمت اور طاقت سے یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اورایک ایک پائی ایمانداری سے قوم کی ترقی وخوشحالی پر صرف کر کے قوم کی مایوسیوں کوخوشیوں اورخوشحالی میں بدلنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہت محنتی ہیں اور وہ ہر قسم کا چیلنج قبول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اگر یہ قوم فیصلہ کرلے تو کوئی پہاڑ اورسمندر منزل کے حصول میں حائل نہیں ہوسکتا۔محنت،امانت اوردیانت کو شعار بنا کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالی کا شکرادا کرتا ہوں کہ میں نے منصوبے کے حوالے کے جو پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے کمٹمنٹ کی تھی آج اسے پورا کرنے میں سرخرو ہوا ہوں۔ منصوبے میں بہت سے چیلنجز درپیش تھے تاہم ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا ہے ۔بہت بڑا چیلنج تھا جس سے عہدہ برآ ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔چےئرمین رنگ روڈ اتھارٹی عبداللہ سنبل اورپراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل منعم عباس نے منصوبے کے خدوخال اورافادیت پر روشنی ڈالی۔