بھارت جان لے کہ طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کو آزادی کے حق سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جاسکتا‘شہبازشریف کی وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدرسے ملاقات کے دوران گفتگو ، لاہور کو تعمیرو ترقی کا شاہکار بنانے پر راجہ فاروق کی شہباز شریف کی تعریف

 
0
281

لاہور،دسمبر22(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں وزراء اور اراکین قانون ساز اسمبلی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جان لے کہ طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کو آزادی کے حق سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے لیکن وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت آزادکشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات زندگی سے مستفید کرنے کے پروگراموں کیلئے خطیر فنڈز فراہم کررہی ہے اورحکومت نے آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی خوشحالی کیلئے ایسے اقدامات کی کوئی مثال موجود نہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بھی اپنے بجٹ میں آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و خوشحالی کیلئے فنڈز مہیا کئے ہیں جبکہ پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں دیگر صوبوں کیساتھ آزاد جموں و کشمیر کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی بہتری کیلئے آئندہ بھی اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور ہم سب نے ملکر ہی ترقی کے سفر کو طے کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو پنجاب میں بسنے والے مہاجرین کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ شہبازشریف نے اپنی محنت اور ویژن کے ذریعے پنجاب کو تعمیر و ترقی کا شاہکار بنایا ہے۔ شہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار اور معیار اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں بسنے والے لوگ بھی پنجاب کی ترقی کے حوالے سے شہبازشریف کے مثالی کردار کے معترف ہیں۔پنجاب حکومت نے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے وسائل دیکر کشمیری عوام سے محبت کا ثبوت دیا ہے۔ وفد میں آزاد جموں و کشمیر کے وزراء سید شوکت، چوہدری عزیز، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی چوہدری محمد اسحاق، اراکین قانون ساز اسمبلی میاں یاسر رشید، جاوید اختر،راجہ محمد صدیق اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔