مطالبات ختم نبوت منوانے تک حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھیں گے،اشرف آصف جلالی 

 
0
22402

شہباز شریف نے چند خوشامدی اور درباری ملاؤں کے ذریعے ختم نبوت جیسے حساس معاملہ پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کی ہے‘چےئرمین تحریک لبیک یارسول اللہ کا پریس کانفرنس سے خطاب
لاہور، جنوری 15 (ٹی این ایس):
تحریک لبیک یا رسول اللہﷺکے مرکزی چئیرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ مطالبات ختم نبوت منوانے تک حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھیں گے، حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو سزائیں دلوانا ،رانا ثناء اللہ کی عقیدہ ختم نبوت کے خلاف ہرزہ سرائی پر اسے کٹہرے میں لانا اور بیسوں شہداء ختم نبوت کا قصاص لینا ملک کی بہت بڑی اکثریت کا مطالبہ ہے،حکومت نے ہم سے برما کے مسلمانوں کے ریلیف کے لحاظ سے کیاہوا معاہدہ بھی پورا نہیں کیا اور نہ ہی ختم نبوت مشاورتی کونسل جوکہ ڈی چوک معاہدہ کا حصہ ہے اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت ہوئی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے چند خوشامدی اور درباری ملاؤں کے ذریعے ختم نبوت جیسے حساس معاملہ پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ حکمران یاد رکھیں رانا ثناء اللہ کے مسئلہ میں جب تک کتا کنویں سے نہیں نکالا جائے گا کنواں پاک نہیں ہو گا۔حکومت نے رانا ثناء اللہ سے جو سرکاری علماء و مشائخ کنونشن میں بیان دلوایا ہے یہ تو وہ بار بارپہلے دن سے دے رہا ہے۔ جھگڑا یہ نہیں کہ وہ اب قادیانیوں کو کیا کہتا ہے جھگڑا یہ ہے کہ اس نے سماء نیوز اور ایک قادیانی چینل پر جوبیانات دیے جن کے واضح دیڈیو کلپ موجود ہیں ۔کیا وہ اسلام ،پاکستان اور عقیدہ ختم نبوت سے غداری کے زمرے میں آتے ہیں یا نہیں۔اگر آتے ہیں اور یقیناًآتے ہیں تو ایسے شخص کا شرعی حکم اور اس کی شرعی و آئینی سزا کیا ہے؟رانا ثناء اللہ حکمران، سرکاری علماء اور حکومت کے تازہ حلیف لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اصل مسئلہ سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کے منہ کو خون لگ چکا ہے۔فیض آباد دھرنے میں بیسوں لاشیں گرانے کے بعد انہوں نے قصور میں بھی وہی کام کیا ہے اور ننھی زینب کے وحشی قاتلوں کی گرفتاری کے لئے مظاہرہ کرنے والوں کو بھی گولیوں سے بھون دیاگیااورابھیتک ننھی زینب کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا ۔حکومت اہل قصور سے انصاف کرے۔ درجن سے زائد بچیوں اور بچوں کے والدین مارے مارے پھر رہے ہیں اور حکمران نشۂ اقتدار میں دھت ہیں۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ عنقریب اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور تمام حلقوں میں راسخ العقیدہ پارسا اور مضبوط امیدوار کھڑے کرے گی۔مذاکرات کرنا اور پھر جانا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے جیل بھرو تحریک کا مقصد پتھر دل حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کی ایک کاوش ہے۔ حق پرستوں کا کام اذان دینا ہے نمازی گننا نہیں ہے۔المیہ یہ ہے کہ کئی مؤذن ساری زندگی دین کے نام پرکھانے والے آج ختم نبوت کے مسئلہ پر کلمہ حق کی اذان دینے سے خاموش ہو گئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ہم 21 جنوری کو داروغہ والا جامعہ فخر العلوم میں نظام مصطفیﷺ الیکشن 2018 کی کمپین کا آغاز کریں گے۔آج جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کیا جارہا ہے کہ 27 جنوری بروز ہفتہ کو ایک بجے دن پنجاب اسمبلی کے سامنے مرکزی قائدین کے ہمراہ لاہور کے 100 عاشقان رسول ﷺ تحفظ ختم نبوت کی خاطر اپنے آپ کو گرفتاری کے لیے پیش کر کے جیل بھرو تحریک کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد روزانہ لاہور سمیت باقی شہروں سے 100 عاشقان رسول پنجاب اسمبلی کے سامنے ایک بجے اپنے آپ کو پیش کرتے رہیں گے یہاں تک کہ جیلیں تنگ پڑ جائیں گی یہ تحریک اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیابی سے ہمکنار ہو جائے گی۔28 جنوری بروز اتوار کو مرکز صراط مستقیم تاج باغ این اے 130لاہورمیں نظام مصطفی آئمہ کنونشن ہوگا۔7 اپریل کو ان شاء اللہ مینار پاکستان پر سالانہ عقیدہ توحید سیمینار کے موقع پر قومی نظام مصطفیٰﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔