لاہورجنوری 26(ٹی این ایس)ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے 2019ء ورلڈ کپ کے کوالیفائر کیلئے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔گزشتہ چار سال میں ناقص کارکردگی کے سبب ویسٹ انڈین ٹیم کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنے کی خفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جہاں وہ چار سے 25 مارچ تک دس ملکی ورلڈ کوالیفائرز میں شرکت کرے گی۔ویسٹ انڈیز کے چیئرمین آف سلیکٹرز کورٹنی براؤن نے کوالیفائرز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت جیسن ہولڈر کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن محمد، دویندرا بشو، کارلوس بریتھ ویٹ، شیلڈن کوٹریل، کرس گیل، شیمرون ہٹمیئر، شے ہوپ، ایون لوئس، نکیتا ملر، ایشلے نرس، روومین پاول، کیماروچ، مارلن سیمیولز اور کیسرک ولیمز شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم نے چند نامور کھلاڑیوں سے کوالیفائرز کھیلنے کیلئے رابطہ کیا اور ہم کرس گیل اور مارلن سیمیولز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری درخواست کو قبول کر لیا۔تاہم کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، ڈیرن براوو اور آندرے رسل نے ویسٹ انڈین بورڈ کی پیشکش کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ ان کی ترجیح پاکستان سپر لیگ کھیلنا ہے۔بورڈ نے ڈیوین براوو سے رابطہ نہیں کیا کیونکہ وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ اب وہ ویسٹ انڈیز کیلئے کرکٹ کھیلنے کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان ایک عرصے سے مالی تنازع چل رہا ہے اور دونوں ہی جانب سے سرد مہری کے سبب یہ معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے اور بورڈ نے سینئر کھلاڑیوں کے سخت رویے کے سبب انہیں سینٹرل کنٹریکٹ دینے سے بھی انکار کردیا تھا۔