چیئرپرسن ریلویز پروین آغا اپنی 37سالہ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر

 
0
313

لاہور، اپریل  18 (ٹی این ایس):  چیئرپرسن ریلویز پروین آغا اپنی 37سالہ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو گئیں۔اُنہوں نے 1981میں سول سروس میں شمولیت کے بعد مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔چیئرپرسن ریلویز پروین آغاپاکستان ریلوے میں بطورممبر فنانس ریلوے بورڈ اور 2014میں بطورچیئرپرسن ریلویز تعینات رہیں۔

چیئرپرسن ریلویز پروین آغانے اپنے دور میں محکمہ ریلوے کو نا صرف مشکل حالات سے نکالنے میں مدد کی بلکہ ریلوے کے فنانشل معاملات کو احسن طریقے سے حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ریلوے کے جتنے بھی منصوبے ان کے دور میں پایہ تکمیل کو پہنچے ان میں ان کا کلیدی کردار شامل رہا۔ مسافروں اور تاجر برادری کی سہولیات میں اضافہ کے لئے متعدداقدامات اُٹھائے اور ساتھ ساتھ ریلوے ملازمین کو بھی سکیل اپ گریڈ اور مراعات میں اضافے جیسے امور حل کروائے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے وفاقی سیکریٹری / چیئرپرسن ریلویز پروین آغا کی ریٹائرمنٹ پر ان کی محکمہ ریلوے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیانتدار اور محنتی افسران کی ٹیم اور ہر سطح پر مشاورتی نظام کے نتیجے میں آج پاکستان ریلویز نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے ۔ ایک بیمار ادارے کی بجائے صحت مند قومی ادارے میں ڈھل چکا ہے۔ عوام کا ریلویز پر اعتماد بحال ہو چکا ہے ۔ یہ تمام کامیابیاں چیئرپرسن ریلویزپروین آغا کی محنت اورلگن کا بھی نتیجہ ہیں۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمد جاوید انور ،مشیر ریلویز انجم پرویز کے علاوہ سینئرافسران نے بھی چیئرپرسن ریلویزکو اُن کی مدت ملازمت پوری ہونے پر نیک تمناؤں کااظہار کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو پاکستان ریلوے میں ایک رول ماڈل کے طور پر لیا جائے گا۔