نیب لاہور کی کارروائی ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے تین سینئر سابق عہدیداران گرفتار

 
0
487

لاہور 13جون(ٹی این ایس) قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے تین سینئر سابق عہدیداران کو گرفتارکر لیا ۔ ترجمان نیب لاہور کے مطابق ملزمان میں سابق صدر ڈاکٹر شفیق،سابق جنرل سیکرٹری میاں محمد اسلم اور سابق کلرک شیخ رشید شامل ہیں ۔ ملزمان آپس کی ملی بھگت سے من پسند افراد کو پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہیں ، ملزمان نے مبینہ طور پر مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بغیر ہی متعدد ممبران کو کروڑوں کے قیمتی پلاٹ غیر قانونی طور پرالاٹ کیے،ملزمان نے آفیشل ریکارڈ میں ردوبدل کرتے ہوئے پلاٹ بے نامی داروں کو منتقل کیے،ملزمان کی جانب سے سوسائٹی کے ڈویلپمنٹ فنڈز میں کروڑوں کا غبن کیا گیا،50 سے زائد سوسائٹی ممبران کے پلاٹوں میں ہیر پھیر کے شواہد حاصلکر لیے گئے ، ملزمان کے مفرور ہونے کے خطرہ کے پیش نظر لاہور کے مختلف مقامات سے انہیں گرفتار کیا گیا۔نیب حکام کی جانب سے ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ۔