آصف زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی طرف سے  آج ہنگامی طلب

 
0
485

بلاول بھٹو زرداری ملتان کا دورہ مختصر کر کے گزشتہ شب لاہور پہنچ چکے

لاہور،جولائی 11 (ٹی این ایس): ایف آئی اے کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے معاملے پر پیپلزپارٹی نے ہنگامی طور پر اعلی سطح کا اہم مشاورتی اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ہے ۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایف آئی اے کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم پر 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے معاملہ پر پیپلزپارٹی نے اعلی سطحی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ہے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملتان کا دورہ مختصر کر کے گزشتہ شب لاہور پہنچ چکے ہیں اور دیگر اعلی سطح کے رہنمائوں کو بھی لاہور طلب کر لیاہے اجلاس پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی مشترکہ صدارت میں ہو گا جس کے بعد اہم فیصلے کئے جائیں گے .

واضح رہے کہ حسین لوائی کی گرفتاری کے بعد جعلی اکائونٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں نامزد ملزمان آصف علی زرداری اور فریال تالپور ، اے جی مجید ، انور مجید ، نازلی مجید اور سمٹ بنک کے صدر نصیر عبداللہ لوتھا سمیت دیگر ملزمان کے نام سٹاف لسٹ میں شامل کئے جا چکے ہیں جس کی وجہ سے تمام نامزد افراد بیرون ملک نہیں جا سکیں گے ۔