متحدہ اپوزیشن وزیر اعظم کے معاملے پر تقسیم ہو گئی، جماعت اسلامی کے اکلوتے رکن اسمبلی نےبھی وزیر اعظم کے انتخاب میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا

 
0
306

لاہور، اگست 16 (ٹی این ایس): متحدہ اپوزیشن وزیر اعظم کے معاملے پر تقسیم ہو گئی، پیپلز پارٹی کی جانب سے شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار کے بعد جماعت اسلامی کے اکلوتے رکن اسمبلی نےبھی وزیر اعظم کے انتخاب میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا،جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورٰی کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن وزیر اعظم کے انتخاب پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی  ہے جبکہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے صدر ن لیگ شہباز شریف کے نام پر پیپلز پارٹی نے اعتراض کردیا ہے ،پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو ووٹ دینے کے معاملے پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور اس معاملے پر پارٹی کے اندر مختلف رائے پائی جاتی ہے جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ ن نے بھی پیپلز پارٹی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار تبدیل کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے فیصلے بلاول نے کرنے ہیں تو پیپلز پارٹی بھی اپنے فیصلوں کا اختیار شہباز شریف کو سونپ دے۔

دوسری طرف  متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے ) میں شامل اہم اتحادی پارٹی جماعت اسلامی پاکستان نے بھی وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں غیر جانبدار رہتے ہوئے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورٰی کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ”احتساب سب کا “اور کرپشن فری پاکستان مہم جاری رکھے گی ،جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی الیکشن کی تیاری کرے گی ، کسی سیاسی جماعت کو کندھا دینے کی بجائے ہم اپنی نظریاتی لڑائی خود لڑیں گے ۔