پنجاب، جج کی آسامی کیلئے تحریری امتحان میں صرف 8 امیدوار پاس

 
0
411

لاہور ستمبر 9(ٹی این ایس)لاہور ہائی کورٹ کے زیر اہتمام ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اے ڈی اینڈ ایس جے) کی آسامی کے لیے منعقد تحریری امتحان میں 1 ہزار 128 میں سے صرف 8 امیدوار ہی کامیاب ہوسکے۔چیف جسٹس محمد یاور علی نے نتائج کا اعلان کیا جہاں سینئر جج جسٹس محمد انوار الحق، جسٹس ممنون رشید شیخ، جسٹس شاہد وحید، جسٹس مسعود عابد نقوی اور جسٹس سردار احمد نعیم بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس نے امتحانی کمیٹی کو صاف و شفاف امتحانات کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔جسٹس محمد انوار الحق نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی انتظامیہ کمیٹی نے فروری 2017 میں جوڈیشل افسران کی بھرتی سی ایس ایس کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی آسامی کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار 240 درخواستیں وصول ہوئی جس میں سے 202 خواتین امیدواروں سمیت 2 ہزار 323 کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ملی۔ان کا کہنا تھا کہ امتحان دینے کے لیے 1 ہزار 128 امیدوار آئے اور ان میں سے صرف 8 امیدواروں نے تحریری امتحان پاس کیا۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب ہونے والے امیدوار عابد رضا خان، چوہدری قاسم جاوید، خورشید عالم، محمد اویس، عمر فاروق بھٹی، رانا سہیل طارق، دانش افضل اور حسنین احمد ہیں۔