جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیئر مین نیب کے عہدے پر تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

 
0
767

لاہور اکتوبر 10(ٹی این ایس) جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیئر مین قومی احتساب بیورو (نیب ) کے عہدے پر تعیناتی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔درخواست بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تعیناتی میرٹ پر نہیں کی گئی۔اسامی پر تعیناتی سے قبل قانون کے مطابق اخبار میں اشتہار دیا گیا اور نہ ہی سرچ کمیٹی بنائی گئی جو میرٹ کی خلاف ورزی ہے ۔بیرسٹر اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ حکومت اور اپوزیشن لیڈر نے اپنی مرضی سے چیئرمین نیب کو تعینات کیا اس میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت نہیں کی گئی جو قوانین کی صریحاًخلاف ورزی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پسند نا پسند کی بنیاد پر تعیناتی کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نئے چیئرمین نیب ایبٹ آباد کمیشن کے سربراہ رہے مگر انہوں نے رپورٹ کو منظر عام پر لانے کے احکامات نہیں دیئے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے میرٹ پر نئی تقرری کا حکم دیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو اپوزیشن کی مشاورت سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو چیئرمین نیب مقرر کرنے کی منظوری دے دی تھی اور باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا۔