میڈیکل انٹری ٹیسٹ، کلپ بورڈ، گتہ ،دھاتی پین، گھڑی ،کیلکولیٹراور فون لانا سختی سے منع ، صرف پلاسٹک کے دو نیلے بال پوائنٹ پین لاسکتے ہیں

 
0
3916

لاہور ،اکتوبر 19( ٹی این ایس): یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 29اکتوبر کو دوبارہ ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ امیدواروں کیلئے جاری کی جانے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ امتحانی مرکز میں کلپ بورڈ یا گتہ ساتھ لانے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔ موبائل فون، کیلکولیٹر، کتابوں، ہتھیار، پرس، گھڑی، ہیڈ فون وغیرہ کے ساتھ ساتھ کسی قسم کی دھات سے بنا پین لانے کی بھی سختی سے ممانعت ہے۔ کسی بھی امیدوار کے پاس سے دوران امتحان ان میں سے کوئی شے ملنے پر اس کا ٹیسٹ فوری منسوخ کردیا جائے گا اور امتحانی مرکز سے باہر نکال دیا جائے گا۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے وہ 29اکتوبر والے ٹیسٹ کیلئے اپنے نئے ایڈمیٹنس کارڈ کا پرنٹ بنک اسلامی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ویب لنک www.bankislami.com.pk/UHSMDCAT2017 سے لے لیں۔ یہ واضح رہے امیدواروں کا رول نمبر اور ٹیسٹ سنٹر 20اگست والا ہی رہے گا۔ تاہم ایسے امیدوار جنھوں نے 15اور 16اگست کو یو ایچ ایس میں دستی رجسٹریشن کرائی تھی انھیں نیا ایڈمیٹنس کارڈ لینے کیلئے پرانے رول نمبر کے ساتھ25اکتوبر تک یونیورسٹی آنا پڑے گا۔ یو ایچ ایس کی طرف سے تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 29اکتوبر کو صبح سوا سات بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز میں پہنچ جائیں۔ امیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ساتھ اپنا ایڈمیٹنس کارڈ، اصل شناختی کارڈ یاب فارم اور دو نیلے بال پوائنٹ پین لے کر آئیں۔ بال پوائنٹ پین پلاسٹک کے ہونے چاہیں۔ مارکر، پینسل یا دھاتی قلم کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں سے چونکہ ان کا ایڈمیٹنس کارڈ امتحانی ہال میں داخلے کے وقت لے لیا جائے گا اس لیے امیدواروں کو چاہیے کہ وہ اپنا رول نمبر زبانی یاد کرلیں۔نئی ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام امتحانی مراکز صبح سوا آٹھ بجے بند کردیے جائیں گے اور اس کے بعد کسی امیدوار کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔امتحانی مرکز میں داخلے کے وقت امیدواروں کی جامہ تلاشی لی جائے گی اس لیے وہ اپنے ساتھ کوئی ممنوعہ شے نہ لائیں۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے ان کے موبائل نمبروں اور ای میل ایڈریس پر ایس ایم ایس اور ای میل الرٹ بھی جاری کی جارہی ہے۔