وزیر اعلیٰ پنجاب نے حویلی لکھاکے رہائشی زبیر احمد کے بچوں کی بیماری کے بارے میں میڈیا پر چلنے والی رپورٹ کا نوٹس لے لیا

 
0
322

 

لاہور،دسمبر08(ٹی این ایس) : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز نے حویلی لکھا کے رہائشی کے زبیر احمد کے بچوں کی بیماری کے بارے میں میڈیا پر چلنے والی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو مریض بچوں کے طبی معائنے اور علاج و معالجہ کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی-وزیر اعلی کی ہدایت پر سکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے بیمار بچوں کے طبی معائنے اور علاج کے لئے سینئر معالجین پر مشتمل سپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

سپیشل میڈیکل بورڈ کے کنوینر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر فیصل مسعود جبکہ ممبران میں پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز، اینڈوکرینالوجی اینڈ میٹابولک ڈیزیز سروسز ہسپتال کی ہیڈ ڈاکٹر خدیجہ عرفان، پروفیسر آف میڈیسن سروسز ہسپتال پروفیسر ساجدنثار، ہیڈ آف پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ سروسز ہسپتال اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ بیمار بچوں کافوری معائنہ کرکے ان کا علاج معالجہ شروع کرے گا جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ڈاکٹر محمدامیر مریض بچوں کو تمام ادویات اور سرجیکل ڈسپوزیبل مفت مہیا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔میڈیکل بورڈ مریض بچوں کے علاج کے بارے میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرکو باقاعدگی کے ساتھ اپڈیٹ کرے گا۔