لاہور ،دسمبر11(ٹی این ایس):مسلم لیگ (ن)میں بھی قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے ، اپوزیشن جماعتوں کے بعد حکومتی حلقوں نے بھی اس پر سوچ بچار شروع کر دی ہے کہ قبل از وقت انتخابات سے مسلم لیگ (ن) کو فائدہ ہو سکتا ہے مسلم لیگی رہنماء سول خفیہ اداروں سے رپورٹس بھی منگواچکے ہیں ۔ذرائع کے مطابق پہلے اپوزیشن جماعتوں میں ہی قبل از وقت الیکشن کی حمایت زور پکڑ رہی تھی لیکن اب اس کی حمایت میں ن لیگ بھی کھل کر سامنے آنے لگی ہے ۔
اور سول اداروں کی رپورٹس میں بھی یہی کہا گیا ہے کہ اگر ن لیگ قبل از وقت الیکشن کرواتی ہے تو اس سے ان کی پارٹی کو نقصان کم ہو گا اس سے مخالف سیاسی جماعتوں کی توجہ انتخابی مہم پر لگ جائے گی اور ن لیگ پر پریشر کم ہو جائے گا اور اگر اس میں تاخیر کی گئی تو مذہبی حلقے بھی حکومت کی مخالفت میں سرگرم ہوتے رہیں گے ۔میڈیا کے مطابق آنے والے دو ماہ کے اندر ن لیگ کے خلاف تحریک بھی چل سکتی ہے,جس سے مسلم لیگ (ن)کو مذہبی ووٹ بینک کانقصان بھی اٹھانا پڑ سکتا ہے اور یہ ن لیگ کے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔اور حکومت کا ایک گروپ اس کی حمایت بھی کر چکا ہے کہ قبل از وقت الیکشن ہونا بہتر ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔